تحریک انصاف نے ایمپلائی لسٹ اور خواجہ آصف کا مبینہ لیبر کارڈ حاصل کر لیا

12:06 PM, 10 Apr, 2018

اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف کے متحدہ عرب امارات میں ملازمت سے متعلق مبینہ 'لیبر کارڈ' پر تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے عمران خان کو بریفنگ دی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی رہنما عثمان ڈار نے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے بتایا کہ وزیرخارجہ خواجہ آصف کی بیرون ملک ملازمت سے متعلق غیر ملکی کمپنی کی ایمپلائی لسٹ اور خواجہ آصف کا لیبر کارڈ موصول ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی انتونیو گوئیتریز سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بات چیت

بریفنگ کے دوران عثمان ڈار نے مزید بتایا کہ کمپنی ملازمین کی فہرست میں خواجہ آصف کا نام 303 نمبر پر شامل ہے جب کہ اُن کا لیبر کارڈ 28 جون 2019 تک کار آمد ہے۔

عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ غیر ملکی کمپنی کے ملازموں میں پاکستانی وزیر خارجہ کا نام انتہائی شرمناک ہے۔ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ خواجہ آصف ملک کے لیے سنگین سیکیورٹی رسک ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ وزیر خارجہ کا غیر ملکی کمپنی میں روزانہ 8 گھنٹے ملازمت کا معاہدہ سرا سر بے شرمی ہے جب کہ اس حوالے سے عدالت میں کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: صوبہ جنوبی پنجاب کے بارے میں مریم نواز کا نفی میں جواب

یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار خواجہ آصف کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے چیئرمین نیب کو خط بھی لکھ چکے ہیں جب کہ ان کا دعویٰ ہے کہ وزیر خارجہ منی لانڈرنگ اور مالی جرائم میں ملوث ہیں اور ان کے فارن اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقل کیے گئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

 

مزیدخبریں