کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا، بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی طلبی

05:11 PM, 10 Apr, 2017

نیو دہلی: بغل میں چھری میں منہ رام رام  کی راگ الاپنے والے بھارت نے اپنے چہیتے جاسوس کو سزائے موت ملنے پر آسمان سر پر اٹھا لیا۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔ بھارتی سیکریٹری خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کو احتجاجی مراسلہ دے دیا۔

واضح رہے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ کلبھوشن یادیو کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی جبکہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے کلبھوشن یادیو کو سزا سنائی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مجرم کی سزائے موت کی توثیق کی۔ کلبھوشن نے اپنے اعترافی بیان میں کہا تھا کہ وہ ’را‘ کے لیے کام کرتے ہیں اور بلوچستان آنے سے قبل وہ ایران کے سرحدی علاقے چابہار میں موجود تھے۔

اُنھوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ بلوچ علیحدگی پسندوں سے رابطے میں تھے۔کلبھوشن یادیو نے ویڈیو بیان میں یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ اسے 2013 میں خفیہ ایجنسی 'را' میں شامل کیا گیا اور وہ اس وقت بھی ہندوستانی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں