بارسلونا: ذیابیطس دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتا ہوا ایک خوفناک مرض ہے جسے خود کئی امراض کی وجہ قرار دیا جاسکتا ہے لیکن اب ایک نئی تحقیق کے مطابق مٹر، پھلیاں، سویابین، چنا اور دیگر پھلیوں کا باقاعدہ استعمال اس مرض کو دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ٹائپ ٹو ذیابیطس کا مرض اس وقت عالمی وبال بن چکا ہے جس سے نجات کا واحد راستہ خوراک، ورزش اور طرزِ زندگی تبدیل کرنا ہے۔ سبزیوں میں پھلیاں اور دودالہ بیج وٹامن بی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ وٹامن جسمانی توانائی پیدا کرنے اور استحالہ (میٹابولزم) تیز کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں ان میں ریشے (فائبر) کی خاصی مقدار کے ساتھ ساتھ کیلشیئم اور میگنیشیئم موجود ہوتے ہیں۔ اس کےعلاوہ کئی اہم فائٹو کیمیکلز دل کے امراض اور ذیابیطس کو دور کرتے ہیں۔
اس گروپ میں تمام دالیں بھی شامل ہیں اور ان کی افادیت بھی مسلم ہے۔ اس ضمن میں اسپین کی رویرا آئی ورجیلائی یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک باقاعدہ سروے کیا ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ اگر آپ پھلیوں کا استعمال بڑھادیں تو اس سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خدشہ 33 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
ماہرین کا اصرار ہے کہ آپ ہفتے میں 180 گرام تک پھلیاں ضرور کھائیں جن میں خشک پھلیاں، لوبیا، چنے اور دالیں وغیرہ شامل ہیں۔ ڈاکٹروں اور تحقیق کاروں کا دوسرا مطالبہ ہے کہ آلو، چاول، انڈوں، روٹی اور گوشت کی جگہ پھلیوں کا استعمال آپ کو کئی امراض سے بچاسکتا ہے۔ یہ تحقیق کلینیکل نیوٹریشن نامی تحقیقی جریدے میں شائع ہوئی ہیں۔