حکومت کابچوں کے لیے انٹرٹینمنٹ چینل کا اعلان

11:17 AM, 10 Apr, 2017

لاہور:پاکستان میں نیوز چینلز کی بھر مار تو ہے ہی ساتھ ہی ساتھ انٹرٹینمنٹ چینلز کی بھی کمی نہیں لیکن کوئی ایسا چینل نہیں ہے جو قوم کے مستقبل کے معماروں کے لیے تفریح کا کوئی انتظامکرے لیکن اب بالآخر حکومت نے یہ اہم قدم اٹھانے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے ۔

اطلاعات ونشریات اور قومی ورثے کی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا پر بچوں کے لیے تفریحی مواد کو فروغ دینے اور اس حوالے سے منصوبہ بندی کے لیے جلد ہی ایک اتھارٹی کی بنیاد رکھی جائے گی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات نے اس طرح کی اتھارٹی کے قیام کے لیے کام شروع کردیا ہے جس کو متوقع طور پر چلڈرن انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا نام دیا جائے گا۔ 'ریاستی سرپرستی میں چلنے والے ٹیلی ویژن چینلز میں خاص پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے چینلوں میں سے کسی ایک کو بچوں کے پروگراموں کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔


خیال رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے الیکٹرانک میڈیا پر بچوں کے لیے دوستانہ مواد کی حوصلہ افزائی نہ کرنے پر حال ہی میں متعلقہ حکام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین ابصار عالم نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ نجی چینلز بچوں کے چینل کے لیے لائسنس حاصل کرنے میں دلچپسی نہیں لے رہے۔


ان کا کہنا تھا کہ چند بین الاقوامی چینلوں نے پاکستان میں بچوں کے چینل کے لینڈنگ رائٹس کے حصول کے لیے پیمرا سے رابطہ کیا تھا۔

مزیدخبریں