فرانس نےسوئٹزرلینڈ کے عالم دین کو ملک سے بے دخل کردیا۔

08:42 AM, 10 Apr, 2017

پیرس : فرانس کی وزارت داخلہ نے مبینہ انتہاپسندی پر مبنی نظریات کے حامل سوئٹزرلینڈ کے عالم دین کو ملک سے بے دخل کردیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق ہانی رمضان نامی سوئٹزرلینڈ کے عالم دین کو کولمار کے علاقے سے اس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ ایک کانفرنس میں شرکت کرنے جا رہے تھے۔محکمہ داخلہ کے مطابق پولیس نے اسلام کے مبلغ کو سوئٹزرلینڈ کی سرحد کے قریب چھوڑ دیا۔

وزات داخلہ کا کہنا تھا کہ ہانی رمضان نے اپنے نظریات اور خیالات کی بنا پر فرانسیسی سرزمین کے لیے خطرات پیدا کیے۔فرانسیسی وزارت داخلہ نے عالم دین کو ملک سے بے دخل کرنے کی مزید وضاحت نہیں کی۔

اس سے پہلے ہانی رمضان پر سوئٹزلینڈ میں اسکول میں بطور استاد تعلیم دینے پر پابندی عائد کردی گئی تھی، کیوں کہ انہوں نے عوامی سطح پر زنا کے مرتکب افراد کو سنگساری کی سزا دینے کی حمایت کی تھی۔

خیال رہے کہ ہانی رمضان اسلامی اسکالر طارق رمضان کے بھائی، اور اخوان المسلمین تنظیم کے بانی کے پوتے ہیں، اب اس تنظیم پر مصر میں پابندی عائد ہے۔

مزیدخبریں