آئی ایم ایف  کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا کیلنڈرجاری ، پاکستان کا نام شامل نہیں

11:56 AM, 9 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : عالمی مالیاتی ادارے (  آئی ایم ایف)  کے ایگزیکٹو بورڈ کا  کیلنڈرجاری ، پاکستان  کا نام شامل نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق  آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا 18 ستمبر تک اجلاسوں کا کیلنڈر جاری کردیا گیا تاہم اس میں  پاکستان کے  7 ارب ڈالر کے پروگرام کی حتمی منظوری کا معاملہ شامل نہیں ہے۔

ذرائع کےمطابق 18   ستمبر کو ایگزیکٹو بورڈ سرینام کے 7 ویں جائزہ کی منظوری دے گا۔ 9 ستمبر کے اجلاس میں بھوٹان کا کیس  جبکہ 13 ستمبر کے اجلاس میں ناروے کا کیس شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تاحال 3 سے 5 ارب ڈالر کےایکسٹرنل فناننسنگ گیپ کو پورا کرنے میں مشکلات ہیں ۔

پاکستان 1.75 ارب ڈالر کے کمرشل قرض کیلئے درخواست کر چکا ہے۔اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن سے 40 کروڑ ڈالر قرض کی درخواست  بھی کر چکا ہے،اس کے علاوہ اسلامک ڈویلپمنٹ بنک سے 35 کروڑ ڈالر قرض  اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ سے ایک  ارب ڈالر کیلئے قرض کی درخواست  بھی کر چکا ہے۔

پاکستان سعودی عرب سے بھی 1.2 ارب ڈالر قرض کی درخواست کر چکا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مؤخر ادائیگیوں پر آئل فیسلیٹی کیلئے  بھی کوششں جاری ہے۔وفاقی حکومت آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کرنے کیلئے پر امید ہے۔پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد پاکستان کا ایجنڈہ شامل ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو ہوا تھا۔ اس سے قبل بورڈ کے 9 اور 13 ستمبر کے اجلاسوں کا کیلنڈر جاری ہو چکا ہے۔

مزیدخبریں