نگران وزیر اعلی پنجاب کا قیدیوں اور جیل ملازمین کیلئے بڑے ریلیف  کا اعلان

03:41 PM, 9 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کوٹ لکھپت جیل کےقیدیوں اور جیل ملازمین کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا۔ تاریخ میں پہلی بار قیدیوں کو ریلیف دینے کے لئے جیل میں یوٹیلٹی سٹور کھل گیا۔قیدی یوٹیلٹی سٹور سے معیاری اشیاء ضروریہ سستے داموں خرید سکیں گے۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے کوٹ لکھپت جیل میں قائم یوٹیلٹی سٹور کا افتتاح کیا اور یوٹیلٹی سٹور کا دورہ کیا ۔ 

 جیل کنٹین کے صدیوں پرانے استحصالی نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے درمیان جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز کے قیام کیلئے معاہدہ  طے پا لیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی موجودگی میں کوٹ لکھپت جیل  میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات فاروق نذیر  اور جی ایم آپریشنز یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سردار محمد خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔


وزیر اعلی محسن نقوی نے یوٹیلٹی سٹور میں قیدیوں اور جیل ملازمین کیلئے فراہم کردہ اشیاء کا معائنہ کیا  اور  یوٹیلٹی سٹور کو جیل کے اندر مناسب جگہ پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ 

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  پنجاب کی تمام جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز قائم کئے جائیں گے، قیدی اپنی ضرورت کی اشیاء مناسب داموں خرید سکیں گے۔


وزیر اعلی محسن نقوی کی پنجاب کی دیگر جیلوں میں 30 روز کے اندر یوٹیلٹی سٹور ز کے قیام کی ہدایت کر دی۔  معاہدے کے تحت یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن پنجاب کی جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز قائم کرے گی۔


مرحلہ وار پروگرام کے تحت  پنجاب کی تمام جیلوں میں یوٹیلٹی سٹورز قائم کئے جائیں گے، قیدیوں کو سستے داموں اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں گی، قیدیوں کو جیل کنٹین کی من مانی قیمتوں کی  وصولی سے مستقل نجات مل جائے گی ۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والے عزیز و اقارب سے بھی ملاقات کی،  قیدیوں کے عزیز اقارب سے ان کے مسائل پوچھے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔ نگران وزیر اعلی پنجاب نے  ملاقاتیوں کیلئے سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت  کر دی۔ 


وزیر اعلی محسن نقوی کی دیگر صوبوں سے آنے والے ملاقاتیوں کی درخواست پر پنجاب کی جیلوں میں ٹرائل اور سزا مکمل کرنے والے دیگر صوبوں کے قیدیوں کو واپس بھجوانے کی اور دیگر صوبوں میں ٹرائل اور سزا مکمل کرنے والے پنجاب سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کو واپس پنجاب میں لانے کی ہدایت کر دی۔ 


وزیر اعلی محسن نقوی نے اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ضروری ہدایات دیں۔


صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، ڈی جی پی آر، ایڈیشنل سیکرٹری جیل خانہ جات محکمہ داخلہ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں