لاہور: لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے پیش نظر کل (10 ستمبر) شہر کے 9 مقامات پر دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے امتحان کے سلسلے میں امتحانی مراکز کے اطراف 100 میٹر کی حدود میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور گورنمنٹ اپوا کالج جیل روڈ کے اطراف میں دفعہ 144 کا نفاذ ہو گا۔ ڈی پی ایس سکول ماڈل ٹاؤن، ڈی پی ایس سکول ٹاؤن شپ، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ اور گورنمنٹ کوئین میری کالج کے اطراف میں بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز میں اسلحہ، موبائل فون اور ڈیجیٹل ڈیوائسز لانا جرم ہوگا جبکہ امتحانی عملہ اور امیدوار بھی ممنوعہ مواد کو اپنےپاس نہ رکھنے کا پابند ہوگا۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 10 ستمبر کو ہوگا۔