ایلیٹ فورس اہلکاروں کے ماہانہ الاؤنس میں اضافہ

12:39 PM, 9 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پنجاب حکومت نے  ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کے ماہانہ الاؤنس میں اضافے کی منظوری کے پانچ ماہ بعد  بالآخر الاؤنس بڑھا دیا۔

ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو ملنے والا ماہانہ 6ہزار 500 الاؤنس بڑھا کر دس ہزار روپے کردیا گیا۔

9 جون 2023 کو وزیراعلیٰ پنجاب نے ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو ملنے والے الاؤنس کو 6 ہزار 500 سے بڑھا کر 10 ہزار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پولیس ایگزیکٹو بورڈ بھی 17 اپریل 2023 کو ایلیٹ فورس کے جوانوں کے الاؤنس میں اضافے کی منظوری دے چکا ہے۔

 محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 1997 میں قائم کی گئی ایلیٹ فورس کے جوانوں کے الاؤنس میں اضافے کی سمری ارسال کی  گئی تھی۔ 

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے ارسال سمری میں موقف اپنایا گیا کہ ایلیٹ فورس کے فرائض منصبی میں دہشت گردی کے خاتمے ، یرغمالیوں کو بچانے، اغوا برائے تاوان، ہائی جیکنگ، فرقہ واریت، جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ شامل ہے۔ 

سمری میں کہا گیا کہ ایلیٹ فورس  وی آئی پیز اور وی وی آئی پیز  کی سکیورٹی کے فرائض بھی سرانجام دے رہی ہے۔ قیام سے آج تک ایلیٹ فورس نے سینکڑوں خطرناک دہشت گردوں اور مجرمان کے خلاف کاروائیاں کی ہیں،  جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں 74 ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے سمری میں کہا گیا تھا کہ ابتدا میں ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ملنے والا 1500 کا الاؤنس بعد ازاں بڑھا کر 6 ہزار 500 کردیا گیا۔ ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ملنے والے کم الاؤنس کی وجہ سے زیادہ پولیس اہلکار ایلیٹ فورس کا رخ نہیں کررہے۔  ایلیٹ فورس میں پوسٹنگ کو پرکشش بنانے کیلئے الاؤنس بڑھانے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں