اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا ہے کہ ملک میں صرف چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کے لیے انصاف کے دروازے بند ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جج ابوالحسنات ذوالقرنین ریمانڈ دینے آگئے لیکن آج چھٹی پر چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم کو انصاف نہ دینا، درخواست ضمانت پر سماعت نہ کرنا ظلم ہے۔
نعیم پنجوتھا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے استدعا ہے پروڈکشن آرڈر جاری کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کے ترجمان قانونی امور نعیم پنجوتھا نے بتایا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم کوئی ڈیل یا سمجھوتا نہیں کر رہے ہیں۔
نعیم پنجوتھا نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرون ملک جانے، کسی ڈیل یا سمجھوتے کی تردید کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشل سیکرٹس ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی ہو گئی ہے۔
تحریک انصاف وکلا عدالت میں پیش ہوئے تو عدالتی عملے نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت 11 ستمبر کی تاریخ دے دی۔