رباط: وسطی مراکش میں 6 اعشاریہ 8 شدت کے زلزلے سے 800 سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں افراد زخمی ہو گئےہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جنوب مغربی علاقے میں زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز مراکش شہر سے 75 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ ہے، جبکہ اس کی گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مراکش کے وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وسطی مراکش میں 6.8 شدت کے زلزلے سے کم از کم 820 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ تعداد ابتدائی طور پر مرنے والوں کی تعداد ہے اور 672سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے کے نتیجے میں کئی مکانات اور عمارتیں گرگئی ہیں جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
مراکش کے جیو فزیکل سینٹر نے بتایا کہ زلزلہ ہائی اٹلس کے اغیل علاقے میں آیا جس کی شدت 7.2 تھی۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 6.8 بتائی اور کہا کہ یہ 18.5 کلومیٹر (11.5 میل) کی نسبتاً کم گہرائی میں تھا۔