شارجہ سٹیڈیم میں پاکستانی شائقین پر تشدد کرنے والے 391 افغان باشندے گرفتار

07:24 PM, 9 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

شارجہ: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پولیس نے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کرنے اور پاکستانی شائقین کو تشدد کا نشانہ بنانے پر مزید 97 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 391 ہو گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی شائقین پر تشدد اور توڑ پھوڑ میں ملوث 117 افغان باشندوں کو یو اے ای کے مختلف حصوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے سلسلے میں گرفتار ہونے والے 391 افغان باشندوں کو ناصرف بھاری جرمانہ اور ملک بدر کیا جانے کا امکان ہے بلکہ یو اے ای میں ان کے مستقل داخلے پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ 4 ستمبر کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد افغان شائقین نے سٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کرنے کے علاوہ پاکستانی شائقین پر کرسیاں بھی پھینکیں تھیں۔ 
میچ کے 19ویں اوور میں پاکستانی بلے باز آصف علی کے آؤٹ ہونے پر افغان باؤلر فرید احمد ان سے الجھ پڑے تھے جس کے بعد معاملات کشیدہ ہوئے اور پھر پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ جیتنے کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ پاکستانی بلے باز نسیم شاہ نے میچ کے آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر افغانستان کے منہ سے فتح چھین لی تھی اور اس کیساتھ ہی قومی ٹیم نے ایشیاءکپ کے فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا تھا۔ 

مزیدخبریں