پاکستان سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کو نیند کی گولیاں کھانی پڑیں: محمد نبی

04:47 PM, 9 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیاکپ 2022ءکے سپر فور مرحلے میں پاکستان سے شکست کھانے والی افغان ٹیم کے کپتان محمد نبی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں میچ ہارنے کے بعد نیند کی گولیاں کھانی پڑیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت کے خلاف ٹاس جیتنے کے بعد افغان کپتان محمد نبی نے پاکستان سے شکست پر بھی بات کی اور اس دوران انکشاف کیا کہ پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ہمارے کئی کھلاڑی گراو¿نڈ چھوڑ کر چلے گئے تھے جبکہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہوٹل پہنچ کر گرین ٹی لی اور بعد ازاں نیند کی گولیاں بھی کھائیں۔
محمد نبی کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے بہت اچھا کھیل پیش کیا اور ہم عالمی سطح پر ہر بڑی ٹیم کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، امید ہے کہ مستقبل میں مزید اچھی پرفارمنس دیکھنے کو ملے گی۔ 
دوسری جانب بھارت کے خلاف میچ میں شکست کے بعد اسسٹنٹ افغان کوچ اور سابق افغان کھلاڑی رئیس احمد زئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں ناصرف کھلاڑی بلکہ پوری قوم ٹینشن میں تھی۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں شکست کے بعد سب افسرد ہ ہیں اور اس رات کوئی بھی کھلاڑی سو نہیں پایا، وہ ہمارے لئے ایک بہت برا دن تھا تاہم مستقبل میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گی۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے خلاف اچھا کھیل پیش کیا، ہم نے مضبوط ٹیم پاکستان کے خلاف 130 رنز پر بھی اچھا دفاع کیا، یہ چیز ہمیں ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے مزید اعتماد فراہم کرے گی۔ 
واضح رہے کہ ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی، اس میچ کی خاص بات میچ کے آخری اوورز میں نسیم شاہ کے 2 لگاتار چھکے تھے جس سے ٹیم کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

مزیدخبریں