اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر اہل کو نااہل کرنا اور نااہل کو اہل کرنا مطلوب ہے تو پھر قوم ووٹ ڈالنے نہیں جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’اگر اہل کو نااہل کرنا اور نااہل کو اہل کرنا مطلوب ہے تو پھر قوم ووٹ ڈالنے نہیں جائے گی، بے سہارا اور بے بس قوم آسمان کی طرف دیکھ رہی ہے، قوم جن چہروں کو نہیں دیکھنا چاہتی انہیں ٹی وی پر دکھایا جا رہا ہے، اگر عمران خان کا کورٹ میں بیان ہو جاتا تو کوئی قیامت نہیں آ جاتی، حکومت بیٹھ چکی اب ملک بیٹھ رہا ہے۔‘
ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا ’ ان حلقوں میں بھی الیکشن ملتوی کر دئیے گئے جہاں سیلاب نہیں آیا، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ PDM الیکشنوں سے بھاگ رہی ہے، ابھی تو دگنی لوڈشیڈنگ ہے جب پوری بجلی کا بل آئے گا تو کیا بنے گا،چیف جسٹس صاحب کورٹ میں داخلے پر پابندی اور مارکیٹوں کو بند کرانے سے انتظامیہ کو روکیں۔‘
علاوہ ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے گزارش ہے کہ عدالت میں آنے کی اجازت دی جائے، حکومت کے پاس کچھ نہیں ، صرف سیلاب سیلاب کھیل رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کیس قانونی ٹیم دیکھ رہی ہے، کسی کو نا اہل کرکے سیاست ختم نہیں کی جا سکتی، ہم نے بھی سات سال جیل گزاری، آج ہم آپ کے سامنے ہیں، جیل ہمارا سسرال ہے۔