پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بحرین سے کالام تک سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے البتہ یہ سڑک فوری طور پر ہیوی ٹریفک کیلئے استعمال نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے اپنے دورے کے دوران بحرین سے کالام تک سڑک کو 2 دن میں بحال کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں جس کے بعد ضلعی انتظامیہ سوات، انجینئرز 11 کور، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کے تعاون سے بحرین سے کالام تک سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق سڑک کو فی الحال ہلکی ٹریفک کیلئے کھولا گیا ہے اور اس ضمن میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ فوری طور پر ہیوی ٹریفک کیلئے سڑک کو استعمال نہ کیا جائے جبکہ حکام نے بحرین اور کالام کے درمیان سفر کرنے والوں کو ٹریفک کی بھیڑ سے بچنے کیلئے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ میرے دورہ کالام کے دوران سیلاب متاثرین اور کالام میں پھنسے مقامی و بین الاقوامی سیاحوں سے وعدے کے مطابق آج بحرین تا کالام سڑک کو بحال کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، مشکل حالات کے باوجود راستے کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی پر این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور 11 کور کے اہلکار لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم کی ہدایت پر بحرین سے کالام تک سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی گئی
12:42 PM, 9 Sep, 2022