پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی شکور شاد کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

12:24 PM, 9 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رکن قومی اسمبلی شکور شاد کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ۔

عدالت نے اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ، دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ۔ سماعت کے دوران شکور شاد کے وکیل نے موقف اپنایا کہ استعفوں پر 123 ارکان سے دستخط لئے گئے ۔ جس پر اراکین نے عمران خان سے اظہار یک جہتی اور سیاسی مقاصد کیلئے دستخط کیے ۔

عدالت نے استفسار کیا ، کیا اسپیکر قومی اسمبلی نے ان کو ذاتی حیثیت میں بلایا تھا ؟ وکیل نے جواب دیا کہ ایک نوٹس آیا ، مگر درخواست گزار پیش نہیں ہوئے ۔

واضح رہے کہ شکور شاد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا ، پارٹی ہیڈ آفس کے کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر 123 ارکان سے دستخط لئے گئے ۔

ان کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر عمران خان سے اظہار یکجہتی اور سیاسی مقاصد کیلئے دستخط کئے اور پی ٹی آئی نے بتایا کہ یہ استعفے پارٹی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کیلئے ہیں ۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ میں نے استعفیٰ سپیکر کو بھیجا ، نہ نام لکھا اور اس پر کوئی تاریخ بھی درج نہیں کی ، اس لئے استعفیٰ منظور نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ عدالتی فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے ، لہٰذا الیکشن شیڈول معطل کرکے سیٹ خالی کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے ۔

مزیدخبریں