امریکہ سمیت تمام ممالک ہماری حکومت کو تسلیم کریں:ترجمان طالبان کی اپیل 

11:52 PM, 9 Sep, 2021

کابل :افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے نامزد نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے عالمی برادری سے طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کی اپیل کردی۔

ترجمان طالبان  ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ کابینہ اراکین دفاتر میں بیٹھ رہے ہیں اور لوگوں کے کام ہورہے ہیں جب کہ  گزشتہ حکومت کیساتھ کام کرنے والے اہلکار ہمارے ساتھ کام کررہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وزرات خارجہ فعال ہوگئی ہے، ہم دنیا سے تعلقات رکھیں گے، امریکا سمیت دیگر ممالک ہمیں تسلیم کریں اس پرکام کررہے ہیں، اگر کسی ملک کو ہم سے تشویش ہے تو اسے سیاسی طور پر حل کریں گے۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری مدد کرے، افغانستان مشکل صورتحال سے دوچار ہے لہذا دنیا ہماری حکومت تسلیم کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان حکومت کے ہمارے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پاکستان نے ہمارے لیے امداد بھیجی اس پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔

نامزد نائب وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجشیر پر ہم نے کنٹرول کرلیا ہے  اور  لڑائی ختم ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں