افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور قطر کا مشترکہ وژن ہے، وزیر خارجہ

افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور قطر کا مشترکہ وژن ہے، وزیر خارجہ
کیپشن: افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور قطر کا مشترکہ وژن ہے، وزیر خارجہ
سورس: فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور قطر نے افغانستا ن میں کسی بھی انسانی بحران سے بچنے کے لئے تعمیری کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد آج اسلام آباد میں قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام اور خوشحالی کے بارے میں دونوں ملکوں کا مشترکہ وژن ہے۔

انہوں نے کہا عالمی برادری کو افغانستان کے عوام کی انسانی اور مالی امداد کے لئے آگے آنا چاہیے جبکہ امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کو افغانستان میں امن کے لئے عالمی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان  سے قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر امور خارجہ  نے  ملاقات  کی ہے۔افغانستان میں ہونے والی پیش رفت اور پاکستان قطر تعلقات کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے  کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں طویل تنازع کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے۔وزیراعظم نے پاکستان اور خطے کے لیے پرامن،محفوظ اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں سیکورٹی صورتحال اور معیشت کو مستحکم کرنا بہت ضروری ہے پاکستان افغانستان کی معاشی ترقی  کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔عالمی برادری افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کرے۔ وزیر اعظم نے قطر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نےتجارت،سرمایہ کاری، توانائی میں مزید تعاون کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

قطر کے نائب وزیراعظم و خارجہ نے پاکستان کے اہم کردار کے ساتھ ساتھ علاقائی امن اور استحکام کے لیے کوششوں کا اعتراف  کیا اور دوطرفہ اور علاقائی امور پر پاکستان کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے قطر کے عزم کا اظہار کیا۔