لاہور : مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر خاتون کو ہراساں کرنے کے چھ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کر دی، اس موقع پر ایک ملزم ماں کے پاؤں پکڑ کر روتا رہا اور دعا کی درخواست کرتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے ٹک ٹاکر خاتون کو ہراساں کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔پولیس نے ملزمان ارسلان ، افتخار اور مہران ، شہریار ، عابد اور ساجد کو پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ تفتیش اور برآمدگی کے لیے مزید ریمانڈ دیا جائے۔
ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس نے کوئی ریکوری نہیں کرنی، ملزمان پہلے ہی پچیس روز حراست میں گزار چکے ہیں لہذا جسمانی ریمانڈ میں توسیع نہ کی جائے ۔
عدالت نے ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے 11 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ، اس موقع پر ملزمان کا کہنا تھا واقعہ سے کوئی تعلق بے گناہ گرفتار کیا گیا ہے لہذا انھیں رہا کیا جائے۔
ملزمان کی پیشی کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، ملزم افتخار کی والدہ اسے ملنے کے لیے ضلع کچہری آئیں تو ملزم ماں کے پاؤں پڑ کر روتا رہا اور دعا کی درخواست کرتا رہا۔