لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کو فون کیا لیکن عظمی بخاری نے فون سننے کی بجائے بند کر دیا اور ان کی تصویر پر دلچسپ تبصرہ بھی کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر انہیں فیاض چوہان کا واٹس ایپ پر فون آیا۔ رانا ثنااللہ، سردار اویس لغاری اور میڈیا بھی کال کے وقت موجود تھا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ مجھے فیاض چوہان کا فون آ رہا ہے اور کتنی بُری شکل والی تصویر آ رہی ہے۔
خیال رہے کہ پہلے ملک محمد احمد خاں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی ‘تین سالہ کارکردگی’ پر پریس کانفرنس کی جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے الگ پریس کانفرنس کی۔
دوسری طرف فیاض چوہان نے کہا کہ اظہار ہمدردی کے لئے فون کر رہا تھا کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے آج علیحدہ پریس کانفرنس کی لیکن لیگی رہنماؤں نے عظمی بخاری کو اپنے ساتھ پریس کانفرنس میں نہیں بٹھایا تھا اس پر ان سے افسوس کرنا چاہتا تھا۔
پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مصداق ن لیگ کے ترجمان نے پریس کانفرنس کی اور پچھلے 15 یا 20 روز سے پنجاب حکومت کی آڈٹ رپورٹ کے پیراز آ گئے ہیں اور ان آڈٹ پیراز کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا تھا۔
فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کے 10 سالہ اقتدار میں ہونے والے آڈٹ کا ذکر کروں گا جبکہ 2008 سے 2009 کی آڈٹ رپورٹ میں 257 آڈٹ پیراز تھے اور ان پیراز میں بتایا گیا کہ 522 ارب روپے خادم اعلیٰ کے دور میں کرپشن ہوئی اور ہر سال کے دوران سینکڑوں ارب کے آڈٹ پیراز سامنے آتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ دور کی 10 سالہ آڈٹ رپورٹ میں بے قاعدگیاں پائی گئیں اور آڈٹ رپورٹ بھی ن لیگ کے دور میں ہی بنی جبکہ عثمان بزدار دور کے پہلے سال 25 ارب روپے کی ریکوری کی گئی۔