راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے چیف نے اہم ملاقات کی جس میں خطے خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سی آئی اے سربراہ ولیم جے برنس کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے خطے اور افغانستان میں دیرپا امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سی آئی اے ڈائریکٹر نے افغان صورتحال پر پاکستانی کردار کی تعریف کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کمینارا نے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی بشمول افغانستان کی موجودہ صورتحال اور یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پرچیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات پر مبنی باہمی فائدہ مند کثیر الجہتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے سنجیدہ ہیں۔
یورپی یونین کی سفیر نے افغانستان کی صورت حال بشمول کامیاب انخلاء آپریشن اور علاقائی استحکام کے لئے کوششیں کرنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔