کراچی: کراچی میں شدید بارشوں نے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں صورتحال ابتر ہو گئی، گلیاں اور محلے تالاب بن گئے، اورنگی ٹاؤن میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔
شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی آنیاں جانیاں بھی جاری رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
نکاسی آب نہ ہونے کے باعث شہری مشکل میں پھنس چکے ہیں۔ بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی روٹھ گئی لیکن کے الیکٹرک حکام بجلی فراہمی جاری رہنے کا دعویٰ کرتے رہے۔ سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر اور سب سے کم اولڈ ائیرپورٹ پر 1 اعشاریہ 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم 11 ستمبر تک کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں موجود رہے گا۔