چنیوٹ: (رپورٹر: راجہ نواز ماہی) لاہور کے بعد چنیوٹ میں موٹر سائیکل سواروں کی سرعام بازار میں خاتون سے چھیڑ خانی، بہادر خاتون نے نوجوان کی پھینٹی لگا دی، ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس کی کارروائی، ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیل کے مطابق چنیوٹ کے علاقہ لالیاں کے مین بازار جامع مسجد روڈ پر موٹر سائیکل سوار اوباشوں نے چھیڑ خانی کی تو خاتون نے سربازار میں ان پر تھپڑوں کی بارش کردی۔
لاہور کے بعد چنیوٹ میں پیش آنے والے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او چنیوٹ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
ڈی پی او چنیوٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پولیس حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزموں کو سراغ لگا کر ان میں سے ایک کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا ہے۔ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ اس کے ساتھی کی تلاش کیلئے شہر بھر میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بازار میں خاتون سے چھیڑ خانی کرنے والے ملزمان کے نام سیف اللہ اور سکندر ہیں۔
ڈی پی او چنیوٹ کا نیو نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت تھانہ لالیاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایک ملزم گرفتار ہو چکا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او بلال ظفر شیخ کا کہنا تھا کہ خواتین سے بدسلوکی اور ہراساں کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔