کابل: افغان طالبان کے بانی ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب کی تصویر سامنے آ گئی ہے۔ انھیں طالبان کابینہ میں عبوری وزیر دفاع کا عہدہ دیا گیا ہے، اس کے علاوہ وہ عسکری آپریشنز کے سربراہ بھی ہیں۔ یہ تصویر طالبان رہنما احمد اللہ متقی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری کی گئی ہے۔
ملا محمد یعقوب مجاہد کی سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی یہ تصویر طالبان کی جانب سے خود جاری کی گئی ہے۔
اس تصویر میں ملا یعقوب اپنے طالبان ساتھیوں کے ہمراہ موجود ہیں۔ خیال رہے کہ سراج الدین حقانی اور ملا محمد یعقوب منظر عام پر نہیں آئے تھے۔
ان دونوں طالبان رہنماؤں کی سیکیورٹی کا اس قدر خیال رکھا جاتا تھا کہ امریکا سمیت دنیا کے تمام خفیہ اداروں کے پاس ان کی کوئی شناخت یا تصویر تک نہیں تھی۔
ملا یعقوب اور سراج الدین حقانی کو طالبان میں بہت قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ طالبان نے اپنی عبوری حکومت کا اعلان کر دیا ہے جس میں ملا محمد حسن اخوند کو افغانستان کا عبوری وزیراعظم جبکہ ملا عبدالغنی برادر اور مولوی عبدالسلام حنفی کو نائب وزرائے اعظم کے عہدے دیئے گئے ہیں۔