اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو روانہ ہوگئے۔وزیر خارجہ ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیر خارجہ کو دورہ ماسکو اور شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت ان کے روسی ہم منصب سرگئی لیوروف نے دی۔
وزرائے خارجہ کونسل، کونسل برائے سربراہان حکومت و کونسل برائے سربراہان مملکت کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کا سب سے بڑا فورم ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئیں گے۔
اجلاس کے بعد ایک متفقہ مشترکہ اعلامیہ کا اجراء بھی متوقع ہے۔وزیر خارجہ اس موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔