سشانت خودکشی کیس میں ڈرامائی موڑ، ریا چکروتی گرفتار

11:11 AM, 9 Sep, 2020

ممبئی: اداکار سشانت خودکشی کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نےآنجہانی اداکار کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت خودکشی کیس میں جہاں اداکار کے ذہنی امراض سے متعلق دوائیں لینے کا انکشاف ہوا وہیں منشیات کا پہلو بھی سامنےآیا تھا جس پر انسداد منشیات کے ادارے این بی سی نے کچھ شواہد ملنے پر سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو حراست میں لے لیا ہے۔خودکشی کیس کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ایسی چیٹس ملی تھیں جن میں ریا چکروتی کی سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدنے کا ذکر تھا۔

پولیس نے یہ سکرین شاٹس نیشنل نارکوٹکس بیورو کے ساتھ شیئر کیے تھے۔ریا چکر وتی سے تفتیشی ادارے تین دن سے پوچھ گچھ کر رہے تھے تاہم وہ اطمینان بخش جوابات نہیں دے پائی تھیں اس لیےآج انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

این بی سی اداکارہ سے ڈرگ مافیا سے متعلق معلومات بھی حاصل کرنا چاہتی ہے۔دوران حراست ریا چکروتی کے خون کے ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے جب کہ گرفتاری سے قبل ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا۔ سشانت سنگھ کے اہل خانہ کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم سوشل میڈیا پر مداحوں نے ریا کی گرفتاری پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے ابھرتے ہوئے اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی جس پر ان کے اہل خانہ اور مداحوں نے سشانت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریاچکروتی کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

مزیدخبریں