لندن : آسٹریلوی مایہ ناز آل راﺅنڈر سٹیون سمتھ نے کہا ہے کہ ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، میزبان ٹیم کو پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی شکست سے دوچار کرکے سیریز 3-1 سے اپنے نام کرینگے۔
آسٹریلوی ٹیم کو ایشز سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 2-1 کی برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ سٹیون سمتھ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری ٹیم صحیح وقت میں فارم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ کا بے نتیجہ ختم ہونے پر مایوس نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے خلاف چوتھا ٹیسٹ جیتنے کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2-1 کی برتری کے باوجود پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو آسان نہیں لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آخری ٹیسٹ میچ کے لئے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے اور کھلاڑی میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہیں اور پرعزم ہوں کے ٹیم ایشز کا بھرپور دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی پر بہت خوش ہیں اور آئندہ میچ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرﺅں گا تاہم انہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 12 ستمبر سے اوول میں شروع ہوگا۔