پشاور:ایم ڈی کیٹ نقل کے معاملے میں پشاور ہائیکورٹ نے 6 ہفتوں میں دوبارہ ٹیسٹ لینے کاحکم دے دیا ہے۔ پشاور ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ 2023 کے ٹیسٹ اور نتائج کو نقل کے باعث منسوخ کر کے 6 ہفتوں میں دوبارہ ٹیسٹ لینے کا حکم دیا ہے۔
ایم ڈی کیٹ 2023 کے ٹیسٹ میں نقل کے واقعات کے معاملے اور جے آئی ٹی کی تحقیقات کی رپورٹ پر پشاور ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنادیا ہے۔ جس میں صوبائی حکومت کی جانب سے 6 ہفتوں میں ٹیسٹ دوبارہ کرانے کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا جی آئی ٹی نے بڑے پیمانے پر نقل کو بے نقاب کیا۔ جی آئی ٹی رپورٹ کے بعد حکومت نے دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ کی منظوری کے بعد معاملے میں مداخلت نہیں کرتے۔عدالت نے حکم دیا کہ کابینہ کے فیصلہ کے مطابق 6 ہفتوں کے اندر شفاف ٹیسٹ کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ میں نقل کے شواہد سامنے آنے کے بعد نگران صوبائی حکومت نے دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔پشاور ہائیکورٹ نے چند روز قبل دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔عدالت نے ٹیسٹ سے متعلق 70 سے زائد درخواستوں کو بھی نمٹا دیا ہے۔