اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو سلو پوائزن دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے سب سے رکارڈ طلب کر رکھا ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے کہا کہ ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کی ضمانت آپ کے سامنے دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر گمشدگی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کرنے پر شرم آنی چاہیے۔ یہ 25 کروڑ عوام کی ناموس کا مسئلہ ہے۔ڈونلڈ لو کی ایک دھمکی پر ملک کے وزیراعظم کو چلتا کیا گیا۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ کس چیز پر فرد جرم لگائیں گے؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے کیا جرم کیا ہے؟ کیا یہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے؟ان کا کہنا تھا کہ یہ ایکٹ تاج برطانیہ نے غلام رکھنے کے لیے بنائے، کیا ہم نے برطانیہ کی غلامی سے نکل کر امریکا کی گود میں چلے جانا ہے؟