سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت جاری

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت جاری
سورس: File

اسلام آباد:  سپریم کورٹ میں   پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر  چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ  سماعت جاری ہے۔سرکاری ٹی وی کارروائی براہ راست نشر کر رہا ہے۔ 

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری نے اپنے دلائل کا آغاز کر دیا۔ 

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ آئین تو پہلے ہی سپریم کورٹ کو پابند کرتا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق رولز بنائے۔

چیف جسٹس پاکستان نے عابد زبیری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے سوال کا جواب دےدیں کہ سبجیکٹ ٹولاء کو نکال دیں تو رولز بنانے کے اختیار پر کیا فرق پڑے گا، وقت کم ہے جواب جلدی دیں۔ 

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کی گیارہ بجے سے پہلے اپنے دلائل مکمل کریں، میں تمام وکلا کو سننا چاہتا ہوں،  آج سماعت کو مکمل کرنا ہے۔ 

وکیل عابد زبیری نے کہا کہ آئین سے آئین و قانون کے مطابق رولز بنانے کے الفاظ ہٹا دیے جائیں تو بھی فرق نہیں پڑے گا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ بس ٹھیک ہے جواب آ گیا اگلے نکتے پر جائیں۔ 

وکیل عابد زبیری نے کہا کہ اگر آرٹیکل 191 میں کہا جاتا پارلیمنٹ سپریم کورٹ سے متعلق قانون سازی کر سکتا ہے تو ٹھیک تھا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ایک اور سوال ہے، کیا سپریم کورٹ پارلیمنٹ کے اختیار سے تجاوز کر کے قانون بنا سکتی ہے؟ دیکھنا ہو گا آئین کسی بھی ادارے کو آئینی حدود کا پابند کہاں بناتا ہے، آئین سپریم کورٹ کو آئین و قانون کے مطابق رولز بنانے کے لیے بااختیار بناتا ہے بات ختم۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سپریم کورٹ کو رولز بنانے کا اختیار دیا جو اس نے استعمال کیا، کیا اس کے بعد قانون سازی سے سپریم کورٹ رولز کو بدلا جا سکتا ہے۔وکیل عابد زبیری نے کہا کہ جب سپریم کورٹ نے رولز بنا لیے تو قانون کے ذریعے نہیں بدلا جا سکتا۔ 

چیف جسٹس پاکستان نے کہا آئین کہتا ہے سپریم کورٹ اپنے پریکٹس اینڈ پروسیجر کے رولز بنانےکے لیے بااختیار ہے، سپریم کورٹ آئین سے بالارولز بناتا ہے تو کوئی تویاد دلائےگاکہ آئین کے دائرے میں رہیں۔

چیف جسٹص قاضیئ فائز عیسیٰ نے وکیل عابد زبیری سے استفسار کیا کہ آپ نے تحریری دلائل جمع کرائے تھے؟ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ ابھی اپنا تحریری جواب جمع کرایا ہے۔ 

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے پہلے سے تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دیا تھا، اتنے سارے کاغذات ابھی پکڑا دیے، کون سے ملک میں ایسے ہوتا ہے کہ کیس کی سماعت میں تحریری جواب جمع کراؤ؟  ہر بات میں امریکی اور دوسری عدالتوں کے حوالے دیتے ہیں یہاں بھی حوالہ دیں، جس پر وکیل عابد زبیری نے کہا کہ نیو جرسی کی عدالت کے فیصلےکا حوالہ دینا چاہتا ہوں۔ 

قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کم از کم ہمارا لیول اتنا نہ گرائیں کہ نیو جرسی کی عدالت کے فیصلے کو بطور مثال پیش کر رہے ہیں، امریکی سپریم کورٹ کے فیصلےکا حوالہ تو دیں۔ 

وکیل عابد زبیری نے کہا کہ نیوجرسی کی عدالت میں کہا گیا قانون سازی اور رولز بنانے میں فرق ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے وکیل عابد زبیری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 175 ٹو کو آرٹیکل 191 کے ساتھ ملا کر پڑھیں،  آرٹیکل 175 ٹو میں کسی بھی عدالت کے مقدمات سننے کا اختیار بتایا گیا ہے۔

وکیل عابد زبیری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے رولز سے متعلق آرٹیکل 142 اے اور اینٹری 55 کو ملا کر پڑھنا ہو گا، سپریم کورٹ کے رولز بنانے کے اختیار سے متعلق آئینی شق کو تنہا نہیں پڑھا جاسکتا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ فل کورٹ یہ مقدمہ سن رہی ہے تاکہ وکلاء سے کچھ سمجھ اور سیکھ سکیں، آئینی شقوں پر دلائل دیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئینی شقوں کو ملا کر پڑھنا ہوتا ہے،  آئین کے کچھ آرٹیکل اختیارات اور کچھ ان اختیارات کی حدود واضح کرتے ہیں۔

وکیل عابد زبیری نے کہا کہ یہ تو معزز سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ معزز سپریم کورٹ نہیں ہوتی، معزز ججز ہوتے ہیں، اصطلاحات ٹھیک استعمال کریں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ہم یہاں آئین اور قانون سازوں کی نیت دیکھ رہے ہیں، اگر آئین سازوں کی نیت دیکھنی ہے تو آرٹیکل 175 دیکھیں، اگر آئین سازوں کو مکمل اختیار سپریم کورٹ کو دینا ہوتا تو واضح لکھ دیتے، کوئی بھی ضابطہ قانون یا آئین سے متصادم ہو گا تو خودہی کالعدم ہو جائے گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ میں سوال واضح کر دیتا ہوں، جوڈیشل کمیشن، سپریم جوڈیشل کونسل کے رولز سے متعلق آئین میں لکھا ہے آئینی باڈیز خود قانون بنائیں گی، جب سپریم کورٹ کے ضابطوں سے متعلق آرٹیکل 191 میں لکھا ہے کہ قانون سے بھی بن سکتے ہیں، سوال یہ ہے آئین سازوں نے خود آئین کے ساتھ قانون کا آپشن دیا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ کے رولز پر پارلیمنٹ نے پابندی لگائی لیکن ہائی کورٹ اور شریعت عدالت کے ضابطوں پر کیوں نہیں؟

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ہائی کورٹس اپنے پریکٹس اینڈ پروسیجر بنانے کے لیے خود بااختیار ہیں۔جس پر وکیل عابد زبیری نے کہا کہ آج بھی سپریم کورٹ اپنےرولز خود بنالے تو کوئی اعتراض نہیں اٹھا سکتا، آئین کہتا ہے سپریم جوڈیشل کونسل اپنے قوانین خود بنائے گی جن کی وقعت آئینی ضوابط کے برابر ہو گی۔

جسٹس منیب اختر نے سوال کیا کہ کیا وفاقی شریعت عدالت اپنے رولز بنانے کے اختیار میں سپریم کورٹ سے بھی اونچی سطح پر ہے؟ جس پر وکیل عابد زبیری نے کہا کہ سپریم کورٹ اگر اپنے رولز خود بنائے تو وہ تمام رولز سے اونچی سطح پر ہوں گے، اب آئین میں درج سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار پر دلائل دوں گا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے وکیل عابد زبیری سے استفسار کیا کہ آرٹیکل 191 سپریم کورٹ کو رولز بنانے کا اختیار دیتا ہے، دائرہ اختیار بتاتا ہے؟وکیل عابد زبیری نے کہا کہ آرٹیکل 191 سپریم کورٹ کو رولز بنانے کی پاور دیتا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے سوال کیا کہ پاکستان میں 184 تین کا استعمال کیسے ہوا؟ کیا ہیومن رائٹس سیل کا تذکرہ آئین یا سپریم کورٹ رولز میں ہے؟آرٹیکل 184 تین سے متعلق ماضی کیا رہا؟ یا تو کہہ دیتے کہ 184 تین میں ہیومن رائٹس سیل بن سکتا تھا، اس بات پر تو آپ آنکھیں بند کر کے بیٹھ گئے ہیں، اس سے پہلے کہ دنیا مجھ پر انگلی اٹھائے میں خود اپنے اوپر انگلی اٹھا رہا ہوں، آپ یہ تو کہہ دیں کہ سپریم کورٹ کے ایک چیف جسٹس نے غلطی کی تو پارلیمنٹ اسے درست کر سکتی ہے یا نہیں؟ نیو جرسی نا جائیں، پاکستان کی ہی مثال دے دیں، سپریم کورٹ غلطی کر دے تو کیا پارلیمنٹ اسے درست کر سکتی ہے؟


چیف جسٹس نے عابد زبیری سے سوال کیا کہ آپ پی ٹی آئی کی نمائندگی نہیں کر رہے؟ 

وکیل عابد زبیری نے کہا کہ نہیں میں سپریم کورٹ بار کی نمائندگی کر رہا ہوں، آپ کی رائے سن چکا ہوں، ابھی آرٹیکل 184 تین پر آ رہا تھا، میں آپ سے متفق ہوں کہ آرٹیکل 184 تین کا غلط استعمال ہوتا رہا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اس کیس میں اچھے برے یا صحیح غلط کا سوال نہیں، اختیار کا سوال ہے، یہ بتائیں قانون جتنا بھی اچھا ہو، سپریم کورٹ کے رولز بنانے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے یا نہیں۔

 جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے پاس ویسے بھی اختیار ہے کہ سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار بڑھایا کم کر سکتا ہے، کیا پارلیمنٹ بنیادی حقوق سے متعلق قانون سازی نہیں کر سکتا؟ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ انصاف تک رسائی کے حق کی سپریم کورٹ خلاف ورزی کر رہی ہو تو کیا پارلیمنٹ مداخلت نہیں کر سکتی؟ آپ اس کیس کے قابل سماعت ہونے پر دلیل نہیں دے سکے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر سے زیادہ بڑا مسئلہ جبری گمشدگیوں کا ہے، اگر چیف جسٹس یہ کیس پہلے مقرر کر رہے ہیں اور جبری گمشدگیوں سے متعلق نہیں تو پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کر سکتی؟

چیف جسٹس پاکستان نے سوال کیا کہ ماضی میں آرٹیکل 184 تین کا استعمال صحیح ہوا یا غلط؟ میرے سوال کا جواب دیں بطور سپریم کورٹ بار آپ کی کیا رائے ہے؟ اگر مگر نہیں، سیدھا جواب دیں۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ آرٹیکل 184 تین کا غلط استعمال ہوا اور اس کے خلاف اپیل ہونی چاہیے۔


چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ کے مطابق آرٹیکل 184 تین کا دائرہ اختیار نا پارلیمنٹ بڑھا سکتا ہے نا سپریم کورٹ، پھر ہم یہ کیس کیوں سن رہے ہیں؟ سپریم کورٹ مقدمات میں آرٹیکل 184 تین کا دائرہ بڑھائے تو ٹھیک اور پارلیمنٹ بڑھائے تو غلط، اگر انکم ٹیکس آرڈیننس یا فیملی رائٹس میں ترمیم ہو تو کیا براہ راست سپریم کورٹ میں درخواست آسکتی ہے؟وکیل عابد زبیری نے کہا کہ بالکل آ سکتی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ کا جواب نوٹ کر رہا ہوں کہ بنیادی حقوق کے علاوہ بھی قانون سازی براہ راست سپریم کورٹ میں چیلنج ہو سکتی ہے۔

اٹارنی جنرل، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے وکلا اور دیگر رہ جانے والے  درخواست گزاروں کے وکلا  دلائل دیں گے۔ گزشتہ دو سماعتوں میں 5 درخواست گزاروں کے وکلا کے دلائل مکمل ہوچکے۔

تمام فریقین اپنے تحریری جوابات اور دلائل عدالت میں جمع کرا چکے ہیں، وکلا کے دلائل مکمل ہونےکی صورت میں سماعت آج مکمل ہونے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ چیف جسٹس نے بھی 9 اکتوبر کو کیس مکمل کرنے کا عندیہ دے رکھا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی فل کورٹ میں شامل ہیں۔

سپریم کورٹ کا فل کورٹ بینچ اب تک 2 اور لارجر بینچ اس کیس کی 5 سماعتیں کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت ازخود نوٹس، بینچ تشکیل کا اختیار3 سینئر ججز کی کمیٹی کو دیا گیا ہے، کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے اور درخواستیں لینے کا اختیار بھی کمیٹی کو دیا گیا ہے، متاثرہ فریق کو ایک ماہ میں اپیل کا حق، وکیل تبدیل کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے، ازخود نوٹس کے مقدمات میں ماضی کے فیصلوں پر بھی اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں