جنیوا: اقوام متحدہ (یو این) کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بڑے صنعتی ممالک سے سیلاب سے بری طرح متاثر پاکستان کی مدد کیلئے آگے آنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سنگین موسمیاتی ناانصافی کا شکار ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے پاکستان میں سیلاب سے تباہی کا ذمہ دار بڑے صنعتی ممالک کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں موسمیاتی تبدیلیوں میں بڑا حصہ ڈالنے کے باعث پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہئے اور یہ ان ممالک کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے صنعتی ممالک کا خطرناک گیسوں کے اخراج میں حصہ 80 فیصد ہے جس سے موسمیاتی تبدیلی رونما ہوئی اور گلیشیر پگھلنے، غیر متوقع اور ماضی کے مقابلے میں زیادہ بارشوں کے باعث پاکستان میں سیلاب سے تباہی ہوئی جس کا گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان سیلاب سے متاثر ہے تو کل ہمارے ممالک اور معاشروں کو بھی اس ناگہانی آفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں عطیہ دینے والے ممالک اور اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کی کوششوں میں مکمل تعاون فراہم کریں۔