سہ ملکی سیریز، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

سہ ملکی سیریز، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

کرائسٹ چرچ: سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کیوی ٹیم نے ڈیوون کانوے کی 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت 138 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ دیگر بلے بازوں میں فن ایلن 16 کپتان کین ولیم سن 30 اور گلین فلپس نے 9 گیندوں پر دھواں دھار 23 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 137 رنز بنائے تھے۔ 
مہمان ٹیم کی جانب سے نجم الحسین نے سب سے زیادہ 33 بنائے جبکہ نورالحسن نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں مہدی حسن 5، لٹن داس 15، یاسر علی 7 ، شکیب الحسن 16،عفیف حسین 24 ، مصدق حسین 2، تسکین احمد 3 اور حسن محمود نے 1 سکور بنایا۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل بریس ویل نے 4 اوورز میں 14 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساﺅتھی اور ایش سودھی نے بھی 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ 
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں نیوزی لینڈ کی یہ پہلی فتح ہے اور پاکستان اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کر چکا ہے جبکہ بنگلہ دیش کو اپنے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں