لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں ہر چیز مہنگی ہوئی لیکن میرے دور میں عوام خوش مطمئن تھے، سمجھ نہیں آئی مجھ سے انتقام لیتے لیتے آپ نے پاکستان کا بھٹہ بٹھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف وزارت عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بعد آج پہلی بار کھل کر بولیں گے اور قوم سے اپنے دل کی باتیں کریں گے جبکہ ان کی یہ گفتگو آج سہ پہر 4 بجے نشر کی جائے گی۔
سابق وزیراعظم کی گفتگو کا کچھ حصہ منظرعام پر آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میرے دور میں عوام خوش اور مطمئن تھے جبکہ عمران خان کے دور میں مہنگائی ہوئی مگر مجھ سے انتقام لیتے لیتے آپ نے پاکستان کا بھٹہ بٹھا دیا، کس نے آپ کو پاکستان سے انتقام لینے کیلئے کہا؟
انہوں نے کہا کہ ہمیں طشتری میں رکھ کر پانچ ارب ڈالر پیش کئے جا رہے تھے مگر ہم نے کہا ایبسولوٹلی ناٹ، پاکستان کی اپنی غیرت ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اترتے ہی ہمار ستا جو حال کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، بہادر بیٹی کی طرح مریم نواز نے باپ کا ساتھ دیا اور مجھے اس پر فخر ہے، اللہ کا شکر ہے کہ آج مریم میرے ساتھ بیٹھی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے اپنی والدہ مرحومہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ مجھ سے خصوصی پیار کرتی تھیں، پنڈی جیل میں ہفتے میں ایک بار ملنے آتیں تو کہتیں میں نے تمہارے بغیر واپس نہیں جانا لیکن ان کو تسلیم دیتا کہ ایسا نہیں ہو سکتا، اس پر وہ کہتیں پھر مجھے بھی ادھر ہی رکھ لو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہباز شریف کو ہمیشہ گلا رہا ہے کہ آپ سے امی زیادہ پیار کرتی ہیں، جب والدہ نے جان دی تو میرے ہاتھوں میں تھیں، میں سرہانے بیٹھا ہوا تھا۔