اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور ﷺ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوا کی نوید ہے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے میں ہی ہماری کامیابی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں قوم اورملت اسلامیہ کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مدتوں سے انسانیت آپ ﷺ کی جلوہ گری کی منتظر تھی، خاتم النبین ﷺ نے انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات دلائی۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے، قوم اور ملک میں امن، خیر خواہی، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو اسی مثالی معاشرے کی اعلیٰ اقدار کو اپنانا ہوگا جس کی بنیاد آپ حضور ﷺ نے رکھی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حضور ﷺ کی مبارک تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں مشعل راہ بنانا ہو گا کیونکہ آپ ﷺ کی سیرت پر عمل ہی کامیابی کا ضامن ہے، اللہ ہمیں رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کی کامل اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی 12 ربیع الاول کی مناسبت سے پیغام جاری کیا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمت العالمین ﷺ کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمت دو جہاں ﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب اکرم ﷺ کی کامل اتباع و اطاعت نصیب فرمائے۔