لاہور: پاکستان بھر میں آج جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں شہر شہر چراغاں، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ عیدمیلاد النبی ﷺ میں ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہات میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس بھی برآمد ہوں گے جبکہ محافل درود و سلام منعقد ہوں گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں 12 ربیع الاول کے سلسلے میں مساجد، عمارتوں اور محلوں کو نہایت ہی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ کراچی میں 12ربیع الاول کے جلوس کی گزرگاہ ایم اے جناح روڈ کو کنٹینر لگاکر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی جلوس کی گزرگاہ کی سیکیورٹی کے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں اور ایم اے جناح روڈ پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والی سڑکوں اور گلیوں پر کنٹینر لگاکر اسے ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب میں جلوسوں کے روٹ پرموبائل فون سروس بند رہے گی اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
کوئٹہ میں صبح 8 سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی، محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ 12ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس بند کی جا رہی ہے۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے موبائل فون سروس بند رہی اور آج بھی عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سیکیورٹی خدشات کے باعث مرکزی جلوس کے روٹ سمیت مختلف علاقوں میں موبائل سروس معطل رہے گی۔
اس کے علاوہ 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی کے علاوہ جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے۔