منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانت میں 30 اکتوبر تک توسیع

11:36 AM, 9 Oct, 2021

لاہور: بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 30 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں بینکنگ کورٹ نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 30 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔

شہباز شریف کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گیارہ ماہ گزر گئے لیکن ایف آئی اے انکوائری مکمل نہیں کر سکی ۔ جس کے جواب میں پراسیکیوٹر نے بتایا کہ پچاس سے زائد جعلی اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا جس کی تحقیقات ہو رہی ہیں ۔

شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ایف آئی اے کو تحریری جواب جمع کرا دیا ہے ، لیکن ایف آئی اے نے آج عدالتی دائرہ اختیار پر سوال اٹھا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سمیت دیگر کیس بھی تو اسی عدالت نے سنے ۔

وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت قوم کا پیسہ اور عدالت کا وقت ضائع کر رہی ہے ۔ ایف آئی اے شہزاد اکبر کے کہنے پر اپنی مرضی کی خبر دیتا ہے ۔

مزیدخبریں