ملک میں گیس بحران شدید ، کئی بجلی گھروں کو سپلائی بند کردی گئی

10:12 AM, 9 Oct, 2021

کراچی : ملک میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا ۔ سندھ میں تین روز کے لئے نان ایکسپورٹ صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کردی گئی۔ سوئی سدرن کو  گیس پریشر میں کمی اور آرایل این جی کی سپلائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق سردی کی آمد سے پہلے ہی ملک بھر میں گیس کی کمی کا بحران بڑھ گیا ہے ۔ سوئی سدرن نے گیس بحران کی وجہ سے نان ایکسپورٹ صنعتوں سمیت کئی نجی بجلی گھروں کو گیس کی سپلائی روک دی ہے ۔ 

سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے کہ گیس بحران کی وجہ سے گیس کی سپلائی معطل کی گئی ہے جو پیر صبح آٹھ بجے تک بحال کردی جائے گی  ۔

ترجمان سوئی سدرن کے مطابق سمندرمیں تیز لہروں کی وجہ سے ایل این جی کےجہاز آنے میں کچھ تاخیر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے گیس کی کمی ہے اور جو گیس ہے اس کو لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے تحت تقسیم کیا جارہا ہے ۔  

سوئی سدرن کی طرف سے کہا گیا ہے کہ گھریلوصارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کی جائےگی۔

دوسری جانب ایف پی سی سی آئی نے سوئی سدرن کی جانب سے تین دن کے لیے صنعتوں کو غیراعلانیہ گیس کی بندش کے فیصلے کو مسترد کردیا۔

مزیدخبریں