اسلام آباد: ہر وقت تنقید کی زد میں رہنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔ صدارتی تمغہ امتیاز یافتہ پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کو رواں برس آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
پاکستان کی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے اپنے ایک پیغام کے ذریعے مداحوں سے یہ خوش خبری شیئر کی۔
مہوش حیات نے اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ مجھے دو بار آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی شرمین عبید چنائے کے ساتھ آسکر سلیکشن کمیٹی کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کا نام اور ٹیلنٹ دنیا کے سامنے مزید اجاگر کرنے کی کوشش کروں گی۔
اس حوالے سے مہوش حیات نے مزید تحریر کیا کہ وہ نامزد فلموں کو دیکھیں گی اور یہ ایک طریقہ ہے کہ جس سے ہم پاکستان اور اس ملک کے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے اجاگر کر سکتے ہیں۔
مہوش حیات نے اپنے پیغام کے ساتھ پاکستان زندہ باد کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔آسکرز سلیکشن کمیٹی کا حصہ بننے پر سیکڑوں لوگوں نے مہوش حیات کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پیمرا کی جانب سے اداکارہ مہوش حیات کے نئے کمرشل پر سماجی اقدار کے خلاف ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ میڈیا صارفین بھی اس کمرشل پر برہم تھے اور مطالبہ کیا تھا کہ پیمرا اس کمرشل پر پابندی لگائے کیونکہ یہ سماجی اقدار کے بالکل خلاف ہے۔
اداکارہ نے پابندی کے خلاف اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کہا تھا کہ جناب، مجھے آپ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ میں خود ہی کافی ہوں۔
نئے کمرشل میں اداکارہ چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈانس کر کے بسکٹ بیچتی ہوئی نظر آئیں۔