لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ معروف امریکی جریدے کی جانب سے دہشت گرد ممالک کی فہرست میں بھارت پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس نے بھارتی منافقت اور چانکیانہ سیاست بے نقاب کر دی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اس ریٹنگ سے پاکستانی پرامن موقف کی تائید اور بھارت کا منافقانہ چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ بالی وڈ کے ذریعے پاکستان، سیکیورٹی اداروں اور پوری امت مسلمہ کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت پوری دنیا میں دہشت گردی کے فالس فلیگ آپریشنز میں پیش پیش ہے۔ پٹھان کوٹ اور اڑی جیسے واقعات حقیقت کے برعکس صرف انڈین سٹیبلشمنٹ کے ذہنوں کی اختراع ہیں۔ امریکی جریدے نے بھارتی منافقت اور مودی سرکار کی چانکیہ کی سیاست پر مہر ثبت کر دی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی جریدے فارن پالیسی نے مودی سرکار کے داعش سے روابط بے نقاب کر دئیے ہیں۔ جریدے کے مطابق بھارت نے داعش سے مل کر سری لنکا، ترکی، نیویارک اور سٹاک ہوم میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کرائی۔ داعش کے جلال آباد جیل پر حملے نے ابھرتے خطرے کو بڑھاوا دیا۔ دنیا کے مختلف ممالک میں دہشت گرد حملوں میں بھارتی سرپرستی نیا موڑ لے رہی ہے۔ اگر اس کا نوٹس نہ لیا گیا تو دور رس اثرات ہوں گے۔
امریکی جریدے فارن پالیسی نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ طالبانائزیشن کے فروغ میں بھارت پیش پیش رہا۔ جریدے نے سانحہ نائن الیون میں ایک ہندو کے خالد شیخ محمد سے روابط کا بھی انکشاف کیا۔ جریدے کے مطابق بھارتی دہشتگردی کی کہانی تاریخی طور پر دنیا کی نظروں سے اوجھل رہی۔ اس کی انتہا پسند پالیسی تباہ کن ہے۔
فارن پالیسی نے انکشاف کیا کہ بھارت نے داعش سے گٹھ جوڑ کرکے سری لنکا میں ایسٹر پر بم دھماکے کرائے، 2017ء میں ترکی کے کلب، نیویارک اور سٹاک ہوم پر حملوں میں بھی بھارت اور داعش ملوث تھے۔ کابل میں سکھ گرودارہ پر حملے میں بھارتی دہشت گرد ملوث تھے۔ کشمیر میں بھی یہ ہی عناصر کردار ادا کر رہے ہیں۔ شام میں بھی بھارتی دہشت گردوں کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔ فارن پالیسی کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں دہشت گرد حملوں میں بھارتی سرپرستی نیا موڑ لے رہی ہے، اگر اس کا نوٹس نہ لیا گیا تو دور رس اثرات ہوں گے۔