اپوزیشن اگر عوام کیساتھ مخلص ہے تو استعفیٰ دے، حکومت ختم ہو جائے گی: مصطفیٰ کمال

10:40 AM, 9 Oct, 2020

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک آٹو پر چل رہا ہے، اپوزیشن حکومت گرانے جبکہ حکومت اپنا اقتدار بچانے میں لگی ہے۔ اپوزیشن اگر عوام کیساتھ مخلص ہے تو استعفیٰ دے، حکومت ختم ہو جائے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حالات جتنے آج خراب ہیں، پہلے کبھی نہیں تھے۔ اپوزیشن حکومت گرانے جبکہ حکومت اپنا اقتدار بچانے میں لگی ہے۔ کسی کو عوام کی فکر نہیں نہ ہی ان کے مسائل کی طرف کسی کی توجہ ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اقتدار بچانے اور گرانے کا گیم آن ہے۔ یہ ملک آٹو پر چل رہا ہے۔ اپوزیشن کی پریس کانفرنس ختم ہوتے ہی حکومتی وزراء پریس کانفرنس کرتے ہیں۔ کسی کو ہسپتال، تعلیم، پانی اور انصاف کی فکر نہیں، کسی قوم کو ختم کرنا ہو تو امید ختم کردو، پوری قوم مایوس ہے۔

لیگی قائد پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے پی سی کے بعد نواز شریف خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ بیک ڈور رابطے کر رہے ہیں اور عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات نہیں ہوتے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ لوکل گورنمنٹ ختم ہوئے ڈیڑھ ماہ ہو گئے، پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخاب نہیں کرا رہی۔ ایک شخص پاکستان میں پاور فل ہے، وہ وزیراعلیٰ سندھ ہے۔ ان سے پوچھیں جمہوریت کے نام پر شہر کا کیا حشر کیا ہوا ہے۔

مزیدخبریں