ریاض : سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی (ساما) نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
اس سلسلے میں ملک میں نجی بینکوں کو مانیٹرنگ اتھارٹی کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔ سعودی مانیٹرنگ ا تھارٹی کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہاگیا ہے کہ غیر ملکیوں کے بچوں کا بینک اکاؤنٹ مشروط طور پر کھولا جائے جس کی باقاعدہ نگرانی بھی کی جائے۔
قبل ازیں غیر ملکیوں کے ان بچوں کو جن کے اقامے مرافقین ( ڈیپنڈنٹ) کے ہوتے ہیں ان پر واضح طور پر درج ہوتا ہے کہ حامل ہذا اجرت یا بغیر اجرت کام نہیں کر سکتا۔
سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی کے مطابق 15 برس سے زائد عمر کے بچوں کے لیے سرپرستوں کی جانب سے این او سی بینک میں جمع کرایا جانا لازمی ہے جبکہ انہیں چیک بک 18 برس کے بعد ہی جاری کی جائے۔