پنجاب میں ٹریفک چالان کی فیسوں میں اضافہ اورلائسنس فیس میں کمی

10:06 AM, 9 Oct, 2019

لاہور:حکومت پنجاب نے ٹریفک قوانین کے حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں، صوبائی وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ لائسنس کی فیس کم کردی گئی ہے اور لائسنس نہ رکھنے کا جرمانہ زیادہ کردیا گیا ہے، ہیلمٹ نہیں پہنتا، ون وے کی خلاف ورزی کرتا ہے یا پھر اشارہ توڑتا ہے۔اس پر جرمانہ بڑھا دیا ہے۔ یہ اس لیے کیا گیا کہ لوگوں کی جان کو محفوظ بنایا جائے اور لوگوں کو شعور بھی ملے گا۔


صوبائی وزیراطلاعات پنجاب میاں اقبال اسلم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کابینہ کا 18واں اجلاس تھا۔ لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ فنانس کمیشن 13 ارکان پرمشتمل ہوگا، وزیرخزانہ سربراہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گریڈ ایک سے 4 تک بھرتیوں پرپابندی اٹھا رہے ہیں۔اسی طرح سستی روٹی اسکیم بند کردی گئی ہے۔

جبکہ ماضی میں اس اسکیم کو جاری رکھا گیا اس کا اسپیشل آڈٹ کرایا جائے گا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ آفس میں لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کے حوالے سے معاہدے کی تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کے درمیان انڈر پاسز کی بیوٹیفکیشن اور اپ لفٹنگ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم اورچیف ہیومن ریسورس آفیسر پی ٹی سی ایل سید مظہر حسین نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔معاہدے کے تحت لاہور کے 19 انڈر پاسز کی تزئین نو پی ٹی سی ایل کے تعاون سے کی جائے گی۔

پی ٹی سی ایل انڈر پاسز کی تزئین نو کا کام 90 روز میں مکمل کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے انڈر پاسز کو ناموں سے منسوب شخصیات کی قومی خدمات سے نمایاں کیا جائے گا۔معروف قومی شخصیات سے منسوب انڈر پاسز کی نئی شکل انفرادی حیثیت کی حامل ہوگی۔پی ٹی سی ایل کی طرح دیگر ادارے بھی شہروں کی خوبصورتی اور تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہروں کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے مکمل کریں گے۔ دنیا بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہورہے ہیں، بد قسمتی سے ماضی میں اس پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کیلئے پنجاب پبلک پرائیویٹ اتھارٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔

چیف ہیومن ریسورس آفیسر پی ٹی سی ایل سید مظہر حسین نے اس موقع پر کہا کہ لاہور کوخوبصورت بنانے کیلئے پی ٹی سی ایل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ تعاون کرنا باعث فخر سمجھتی ہے اور ہم لاہور کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔

صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمودالرشید،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران، ڈی جی ایل ڈی اے،چیف ہیومن ریسورس آفیسر پی ٹی سی ایل سید مظہر حسین، ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن سید شہزاد شاہ، جنرل منیجر کارپوریٹ کمیونیکیشن احتشام احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں