دہشتگردوں کو پناہ دینے کا مقدمہ، رینجرز کے گواہ نے عامر خان کو شناخت کر لیا

10:51 AM, 9 Oct, 2018

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز 90 میں دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران رینجرز کے گواہ نے عامر خان کی شناخت کر لی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمے کی سماعت کی تو ایم کیو ایم رہنماء عامر خان، منہاج قاضی اور رئیس مما پیش ہوئے۔اس موقع پر رینجرز کے تفیشی افسر اور گواہ ڈی ایس آر ریاض نے عامر خان کو شناخت کر لیا اور اپنا بیان قلمبند بند کرایا۔

رینجرز کے افسر کے مطابق 11 مارچ 2015 کو ایم کیو ایم مرکز نائن زیرو پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران عامر خان کو خورشید میموریل ہال سے گرفتار کیا گیا۔

رینجرز کے افسر کے بیان قلمبند ہونے کے بعد عامر خان کے وکیل آئندہ سماعت پر گواہ کے بیان پر جرح کریں گے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے مقدمے میں نامزد عامر خان سمیت تین ملزمان پر پہلے ترمیمی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے جب کہ ملزمان عمران نیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے اور عامر خان ضمانت پر رہا ہیں۔

مزیدخبریں