دبئی: سری لنکن ٹیم کادورہ پاکستان کھٹائی میں پڑ گیا۔زیادہ تر سری لنکن کھلاڑی لاہور میں ٹی 20میچ کھیلنے کے حق میں نہیں ہیں۔سری لنکن کھلاڑیوں کے انکار کا اثر ویسٹ انڈیز کے دورئہ پاکستان پر بھی پڑ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے بعد سری لنکن ٹیم نے پاکستان میں ایک ٹی20میچ کھیلنے کا اشارہ دیا تھا تاہم اب سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان پر نحوست کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔سری لنکا نے 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آخری مقابلہ 29اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلنا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن کھلاڑی پاکستان کی مدد تو کرنا چاہتے ہیں لیکن زیادہ تر لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے حق میں نہیں ہیں ۔پی سی بی اور سابق قومی کرکٹرز اس ضمن میں بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کو یقینی بنایا جا سکے تاہم اگر سری لنکن کھلاڑیو ں نے پاکستان آنے سے انکار کیا تو اس کے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان پر بھی برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔