فیصل آباد: صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملکی ترقی کے ضامن نواز شریف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور خوامخواہ کا تماشہ لگایا گیا۔ کہا جا رہا ہے کہ 6 ماہ میں فیصلہ کرنا ہے ایسا لگ رہا ہے جیسے فیصلہ پہلے سے موجود ہے۔
انہوں نے کہا انصاف کی دھجیاں اُڑ ا دی گئی ہیں اور عوام اپنا فیصلہ 2018 میں دیں گے کیونکہ ہم شواہد کے 40، 40 بنڈل دے رہے ہیں لیکن ہمارے شواہد کو دیکھا بھی نہیں جا رہا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا سابق وزیراعظم کو پاناما کی بجائے اقامہ پر نااہل کیا گیا جس سے سوال تو پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف آنے والے فیصلے کو آنے کے بعد درست تسلیم کیا گیا؟۔ اس فیصلے کو عدالتی قتل کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ کیا ہر ڈکٹیٹر کو عدالت نے درست ہونے کی سند نہیں دی اور ادارے دوسرے اداروں پر چڑھ دوڑیں تو اس قسم کے ابہام پیدا ہوتے ہیں۔
وزیر قانون نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بین الاقوامی طاقتوں کے آلہ کار ہیں اور انہوں نے کنٹینر پر چڑھ کر بے عزتی کی سیاست کا آغاز کیا۔ ایسی سیاست کا پہلے کوئی فائدہ ہوا ہے اور نہ آج ہو گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں