بلوم فاونٹین:بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کی خراب کارکردگی اور شکست کے ساتھ باونسر کا نشانہ بھی بنے۔ ڈاکٹر کے مشورے کے باوجود فوری طور پر اسپتال جانے سے بھی انکار کردیا۔مشفق الرحیم ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ابتدائی سیشن کے دوران اس وقت چکرا کر وکٹ پر گر پڑے جب وہ جنوبی افریقی فاسٹ بولر اولیور کی شاٹ پچ گیند پر نظر نہیں رکھ پائے اور باونسر لگا ۔
مشفق نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا لیکن وہ اس کے باوجود سر کے بائیں جانب لگنے والی گیندکی شدت برداشت نہ کر سکے اور وکٹ پر گر گئے۔ ساتھی بیٹسمین اور جنوبی افریقہ کے فیلڈرز نے انہیں اٹھا کر بٹھایا اورڈاکٹر کو بلا لیا گیا۔ اس دورے میں بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کوئی ایسا ڈاکٹر موجود نہیں جو سر پر لگنے والی ضرب کا علاج کرسکے جس پر میزبان ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی کو بلایاگیا جو ڈاکٹر بھی ہیں ۔
انہوں نے معائنے کے بعد مشفق کو فوری طور پر اسپتال جانے کا مشورہ دیا لیکن بنگلہ دیشی کپتان نے بیٹنگ جاری رکھنے پر اصرار کیا۔ موسیٰ جی نے اپنی پوزیشن کی وجہ سے مشفق پر زیادہ زور دینا مناسب نہیں سمجھا اور واپس چلے گئے۔ اس کے بعد مشفق نے مزید 9اوورز کا سامنا کیا اور لنچ سے پہلے آخری گیند پر آﺅٹ ہونے کے بعد معائنے کے لئے اسپتال گئے۔