اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز پر عدم پیشی کے باعث حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ نیب نے آج دوران سماعت عدالت میں استدعا کی تھی کہ حسن اور حسین نواز کا ٹرائل الگ کیا جائے اور انہیں اشتہاری قرار دیا جائے۔ نیب کی جانب سے حسن اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
عدالت نے نیب کی استدعا پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا منظور کر لی اور اس پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور اخبار میں اشتہار جاری کر نے کا حکم دے دیا جب کہ عدالت نے 3 نیب ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کامقدمہ الگ کرنے کی ہدایت کی۔
احتساب عدالت نے 2 اکتوبر کو سماعت کے دوران نواز شریف پر فرد جرم کا معاملہ مؤخر کرتے ہوئے حسن، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت اور مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
یاد رہے احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس، العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ انویسمنٹ میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں