حکومت این ٹی ڈی سی کے ترسیلی نظام کو تین کمپنیوں میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے : اویس لغاری

 حکومت این ٹی ڈی سی کے ترسیلی نظام کو تین کمپنیوں میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے : اویس لغاری

اسلام آباد:وزیر توانائی اویس لغاری نے پریس کانفرنس کے دوران  کہا ہے کہ حکومت کا مقصد عوام کو سردیوں میں گیس کے بجائے بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ 

 انہوں نے بتایا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے 26 روپے فی یونٹ تک بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے اور حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ہر سال چھ ماہ کے لیے اسی طرح کے پیکج لائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسمیشن لائنز کی بروقت تکمیل نہ ہونا مہنگی بجلی کا ایک اہم سبب ہے۔ این ٹی ڈی سی کی بدانتظامی کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام درست نہیں ہو سکا، جس کے باعث بجلی پیدا کرنے والے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں۔

 اویس لغاری نے بتایا کہ حکومت این ٹی ڈی سی کو توڑ کر اس کے ترسیلی نظام کو تین کمپنیوں میں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ریلیف صنعتوں اور عام صارفین دونوں کے لیے ہے تاکہ وہ سردیوں میں گیس کی مہنگی قیمتوں کے بجائے بجلی کا استعمال کریں اور اپنی ضروریات پوری کریں۔