لاہور میں سموگ کے تدارک کے لیے مصنوعی بارش کا ٹرائل، 11 اور 12 نومبر کو متوقع

12:55 PM, 9 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور میں سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ماحولیات اور محکمہ موسمیات نے مصنوعی بارش کے ذریعے سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور میں سموگ کی شدت کو کم کرنے کے لیے 11 اور 12 نومبر کو مصنوعی بارش کی ٹیکنالوجی کا پہلا ٹرائل کیا جائے گا۔ موسمیات کے ماہرین کے مطابق اس دوران بادلوں میں 30 فیصد تک نمی کا امکان ہے، جو مصنوعی بارش کے لیے سازگار ثابت ہو سکتا ہے۔ 

سیکریٹری ماحولیات راجا جہانگیر انور کا کہنا تھا کہ اگر بادلوں میں کافی نمی آتی ہے تو یہ رواں سیزن میں مصنوعی بارش کا پہلا ٹرائل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی ایوی ایشن نے مصنوعی بارش کی ٹیکنالوجی تیار کی ہے، اور اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

مصنوعی بارش کے لیے سازگار موسم کی ضرورت ہوتی ہے، اور اس پر کام کرنے کے لیے محکمہ موسمیات نے مانیٹرنگ کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ سموگ کے اثرات کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔ اس اقدام کا مقصد لاہور میں فضائی آلودگی اور سموگ کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے، جو کہ شہریوں کی صحت پر منفی اثرات ڈال رہی ہے۔

مزیدخبریں