لاہور: لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپہ مارا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران چاروں ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق، ہلاک ہونے والے ڈاکو بینک ڈکیتیوں میں ملوث تھے اور حالیہ دنوں میں انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت مختلف علاقوں میں وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او اور ایک کانسٹیبل زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت رضوان، زین اور علی کے نام سے کی ہے۔ ان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے، جبکہ پولیس ہلاک ڈاکوؤں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔